بھٹکل 13/اپریل (ایس او نیوز) ریاستی محکمہ صحت اور محکمہ داخلہ نے مختلف مقامات پر کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور وباء کے پھیلاؤ کو سامنے رکھ کر پوری ریاست کو ریڈ، آرینج اور گرین زمروں میں تقسیم کیا ہے۔
بنگلور سے موصولہ اطلاع کے مطابق جن اضلاع میں متاثرین کی تعداد 6یا اس سے زیادہ ہے انہیں ’ریڈ زون‘ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح ضلع شمالی کینرا 9پوزیٹیو معاملات کے ساتھ ریڈ زون میں آگیا ہے۔
اس کے علاوہ بقیہ دس اضلاع: بنگلورو (79)،میسورو (48)، چکبالاپور (9)، جنوبی کینرا (12)، بیدر (11)، باگلکوٹ (8)، کلبرگی (13)،بیلگاوی (14)، وجیاپور (6)اور بیلاری کو اس زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔
مرکزی حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بنگلورو، میسورو، کلبرگی، چکبالاپور، بیدر، جنوبی کینرا اورشمالی کینراکو کوروناوائرس ’ہاٹ اسپاٹس‘ کے زمرے میں بھی شامل رکھا گیا ہے۔
اسی طرح جن اضلاع میں اچانک کورونا وائرس کی وباء نے سر اٹھایا ہے اُن کو آرینچ زون میں رکھا گیا ہے۔ ان میں منڈیا(۵) بنگلورو مضافات(۴)، داونگیرے (۳)، کورگ (۱)، دھارواڑ (۲)، ٹمکورو(۱) اور گدگ (۱) شامل ہیں۔
جبکہ شیموگہ10، یادگیر8، رام نگر10، کولار، چترادرگہ5، کوپل، ہاویری2، ہاسن5، چامراج نگر0، اور رائچور0مشکوک معاملات والے اضلاع ہیں مگر تاحال کسی ایک معاملے کی بھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔انہیں گرین زون میں ہونے کے باوجود آبزرویشن والے اضلاع میں شامل کیا گیا ہے۔ جب تک ان اضلاع میں تمام مشکوک معاملات کی رپوٹ نگییٹو نہیں آتی اور کوارنٹائن کی میعاد پوری نہیں ہوجاتی، ان اضلاع کوسرکاری طور پر گرین زمرے میں شمار نہیں کیا جائے گا۔